جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

پشین جلسے میں فضل الرحمان کیخلاف نعروں پر اسد قیصر کا بیان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسد قیصر نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

ترجمان جے یو آئی (ف) کے مطابق ٹیلیفونک رابطے میں اسد قیصر اور فضل الرحمان نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی اور ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اسد قیصر نے پشین جلسے میں نامناسب نعروں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے نعرے دونوں جماعتوں کی قربت میں رکاوٹ بنتے ہیں۔

- Advertisement -

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے دونوں جماعتوں میں رابطے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی رابطے ہوئے ہیں لیکن کچھ تحفظات ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ دونوں جماعتوں میں مستقل رابطوں کی ضرورت ہے۔ اس پر اسد قیصر نے کہا کہ بیرون ملک سے واپسی پر تحفظات دور کرنے سے متعلق لائحہ عمل بنائیں گے۔

پشین جلسے میں فضل الرحمان کے خلاف نعروں کے بعد چند روز قبل ترجمان کے یو آئی (ف) اسلم غوری کی جانب سے جاری بیان میں اس کی سخت مذمت کی گئی تھی۔

اسلم غوری کا کہنا تھا کہ جلسے سے پی ٹی آئی کی بلی تھیلے سے باہر آگئی، منہ میں رام رام اور بغل میں چھری عوام کے سامنے آگئی، اپوزیشن کو شیر افضل مروت جیسوں کو لگام ڈالنا ہوگی۔

انہوں نے کہا تھا کہ محمود خان اچکزئی نے کہا تھا جلسے میں کسی کو گالی نہیں دیں گے، لگتا ہے ان کی سیاست صرف سیاسی قائدین کو شیر افضل جیسوں سے گالیاں دلوانا ہے۔

ترجمان نے کہا تھا کہ شیر افضل جیسے لوگ پی ٹی آئی کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک رہے ہیں، ناکام جلسے کو شاید ایسے نعرے لگوا کر میڈیا اور عوام کی توجہ کا مرکز بنایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کو اقتدار سے نکالا اور اب منہ نہ سنبھالا تو اپوزیشن کرنے کے قابل بھی نہیں چھوڑیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں