پشاور: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم متحد ہے، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، پی ڈی ایم کے مستقبل کے بارے میں فی الحال ’اگر‘ کے آپشن کو استعمال نہیں کروں گا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ 26 مارچ کو مریم نواز کی نیب کی پیشی پر پی ڈی ایم کی جماعتیں شرکت کریں گی۔
فضل الرحمان نے کہا کہ استعفوں پر پی پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مشاورت کے بعد جواب دے گی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ سے ہوگا یہ بات پہلے سے طے شدہ ہے۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ ہونے سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، حکومت نے جتنی بھی قانون سازی کی ہے عالمی دباؤ پر کی ہے۔
مزید پڑھیں: مریم نواز 26 مارچ کو ایک بار پھر ریلی کی شکل میں نیب آفس جائیں گی
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کی کورونا کی روک تھام کے لیے کوئی موثر لائحہ عمل نہیں بنایا، پاکستان نے ابھی تک ایک روپے کی کورونا ویکسین برآمد نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایسا الیکشن ہونا چاہیے جس پر قوم کو اعتماد ہو، مشرف دور میں نیب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا تھا اب حکومت نیب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہی ہے۔