The news is by your side.

Advertisement

‏’’پی ڈی ایم متحد ہے، پیپلزپارٹی کو چند دن کی مہلت دی ہے‘‘‏

اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم متحد ہے، ‏پیپلزپارٹی کو استعفے کے معاملے پر چند دن کی مہلت دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‏سب کو انتظار ہوگا کہ پی ڈی ایم کا کیا ہوگا، پی ڈی ایم میں بحث ہوتی رہتی ہے، مختلف مسائل پر اختلاف رائے آتا رہتا ہے ‏کل بھی آیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جب بنا رہے تھے اس وقت سے استعفے کا آپشن رکھا ہے، ایسا کہیں نہیں لکھا تھا یہ ایٹم بم کی ‏طرح آخری آپشن ہوگا، کل 10 جماعتوں میں سے 9 کی رائے تھی کہ استعفیٰ دیں گے، پیپلزپارٹی استعفے دینے پر اتفاق نہیں ‏کررہی، انہیں چند دن کی مہلت دی ہے۔

مزید پڑھیں: پی پی کے استعفوں پر تحفظات، پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی سی ای سی کے پاس جائے اور 9 جماعتوں کا مؤقف سامنے رکھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا تھا کہ ‏اسمبلیوں سے استعفوں کے بغیر لانگ مارچ ممکن نہیں ہے، پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کو ‏فیصلے کے لیے وقت دیا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان پیپلزپارٹی کا استعفوں کے حوالے سے جواب آنے تک لانگ مارچ کو ‏ملتوی سمجھا جائے‘۔

Comments

یہ بھی پڑھیں