تازہ ترین

ایف بی آئی کے پاس ٹرمپ روس گٹھ جوڑ کا کوئی ثبوت نہ تھا، ڈرہم رپورٹ میں انکشاف

واشنگٹن: روس اور ڈونلڈ ٹرمپ کی 2016 کی صدارتی مہم کے درمیان تعلقات سے متعلق ایف بی آئی کی چھان بین کی ابتدا کے بارے میں تحقیقات بالآخر اختتام پذیر ہو گئی، پراسیکیوٹر جان ڈرہم نے اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے، جس کا بڑی شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق جان ڈرہم کی رپورٹ میں سابق امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف ایف بی آئی کی چھان بین پر کڑی تنقید کی گئی ہے، اور یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ ایف بی آئی کے پاس ٹرمپ روس گٹھ جوڑ کا کوئی ثبوت نہ تھا۔

ڈرہم رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی نے ٹرمپ کی 2016 میں جیت کو روس سے بغیر ٹھوس ثبوت کے جوڑ دیا تھا، جان ڈرہم نے ایف بی آئی پر الزام لگایا کہ وہ ’’خام، غیر تجزیہ شدہ اور غیر تصدیق شدہ انٹیلیجنس‘‘ پر کام کر رہی تھی۔

واضح رہے کہ اٹارنی جنرل ولیم بار نے 2019 میں جان ڈرہم کو معاملے کی انکوائری کے لیے مقرر کیا تھا، امریکی میڈیا کے مطابق اس 306 صفحات پر مشتمل رپورٹ سے ٹرمپ کو انتخابی مہم میں فائدہ ملے گا۔

Comments

- Advertisement -