کراچی: ایف بی آر کے ٹیکس سافٹ ویئر میں کوئی مسئلہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں ٹیکس دہندگان گوشوارے جمع کرانے سے محروم رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث لاکھوں ٹیکس دہندگان گوشوارے جمع نہیں کرا سکے ہیں۔
چھوٹے شہروں اور قصبات میں ٹیکس دفاتر نہ ہونے کی وجہ سے ٹیکس دہندگان آن لائن سسٹم بند ہونے کے باعث دستی درخواست جمع نہیں کرا سکتے۔
ایف بی آر کا ٹیکس جمع کرنے والا سافٹ ویئر تاحال بند ہے، جب کہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے۔
دوسری طرف کراچی چیمبر، کراچی ٹیکس بار، ایف پی سی سی آئی اور تاجر تنظیموں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی درخواست کر رکھی ہے۔
ایف بی آر کا ٹیکس جمع کرنے والاسافٹ ویئر بیٹھ گیا ،تاریخ میں توسیع کا امکان
ادھر رش بڑھ جانے کے سبب ایف بی آر کی ویب سائٹ چوک ہو چکی ہے، صدر ٹیکس بار ایسوسی ایشن ذیشان مرچنٹ کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے اعلیٰ افسران سمیت کوئی اہل کار بھی ویب سائٹ تک رسائی نہیں کر پا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایف بی آرنے ویڈیو لنک کانفرنس طلب کرلی ہے، جس میں ٹیکس جمع کرنےوالےسافٹ ویئر بیٹھنےکی شکایت کاجائزہ لیا جائے گا۔ تاجر تنظیمیں ٹیکس ریٹرن جمع کرنےکی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کر رہی ہیں، ویڈیو لنک کانفرنس میں ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کی تاریخ میں توسیع کا امکان ہے۔