کراچی : ایف بی آر نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر نجی ایئر لائن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹ منجمد کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ملک کی مشہور فضائی کمپنی کے بینک اکاؤنٹز وفاقی ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر منجمد کردیئے گئے اور سول ایوی ایشن کو بھی ڈیوٹی ادا کرنے تک مذکورہ کمپنی کے فلائٹ آپریشن معطل کرنے کی درخواست کردی۔
اطلاعات کے مطابق ایف بی آر کے لارج ٹیکس یونٹ کراچی کے ایڈیشنل کمشنر ناصر بخاری کا کہنا ہے کہ شاہین ایئر لائن پر رواں برس مارچ 2018 تک 52 کروڑ کے واجبات ایف ای ڈی کی مد میں ادا کرنے تھے، جس کو ادا کرنے کی آخری تاریخ 15 مئی 2018 تھی، جس کے گزرنے کے بعد مذکورہ ایئر لائن کے اکاؤنٹ منجمد کیے گئے ہے۔
ناصر بخاری کا کہنا تھا کہ مذکورہ ایئر لائن کے بینک اکاؤنٹ منجمد کرکے 86 لاکھ روہے وصول کیے گئے ہیں تاہم جب تک شاہین ایئر لائن کی انتظامیہ کے بینک اکاؤنٹ ایف ای ڈی کی باقی رقم ادائیگی تک منجمد رہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے نجی ایئر لائن کے خلاف سول ایوی ایشن کو بھی خط ارسال کیا گیا ہے، خط میں سول ایوی ایشن سے گذارش کی گئی ہے کہ ڈیوٹی کی ادائیگی کرنے تک شاہین ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن معطل رکھا جائے۔
ترجمان شاہین ایئر انٹرنیشنل کی وضاحت
دریں اثناء ترجمان شاہین ایئر انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ شاہین ایئر اور ایف بی آر کے درمیان ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں۔
یہ معمول کی ٹیکس ادائیگی کا عمل ہے جس میں ہونے والی معمولی سی تاخیر کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے، ترجمان نے بتایا کہ شاہین ایئر کا فلائٹ آپریشن اور فلائٹ شیڈول معمول کے مطابق جاری ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔