کراچی : ایف بی آر کے اینٹی بے نامی زون کراچی نے پہلی بار ایک اسلامک بینک کے چیئرمین کے خلاف 38 کروڑ روپے کے 4کروڑ شیئرز کی بے نامی ٹرانزکشن پرریفرنس دائر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے اینٹی بے نامی زون کراچی نے بڑی کارروائی کی اور پہلی بار ایک اسلامک بینک کے چیئرمین کے خلاف بے نامی ٹرانزکشن پرریفرنس فائل کردیا۔
ایف بی ار کا کہنا تھا کہ 38 کروڑ روپے کے 4کروڑ شیئرز کی بے نامی ٹرانزکشن سامنے آئی، سال 15-2014میں آف شورکمپنی سے قرض لے کربےنامی دار نے شیئرخریدے اور 2020میں تمام شئیرز کو بینفیشل اونر کے نام منتقل کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ 38کروڑ کے 4کروڑ شیئرز منسلک کرکے ریفرنس دائر کردیا گیا ، بے نامی شیئرز کی ملکیت ثابت نہ ہونے پر شیئرز بحق سرکار ضبط کر لیےجائیں گے۔
یاد رہے رواں سال مارچ میں بے نامی زون کراچی کی کارروائی کے دوران عبدالغفار نامی شخص کے شناختی کارڈ پر 15 گاڑیوں کی رجسٹریشن کا انکشاف ہوا تھا۔
عبدالغفار کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ میرے نام سے رجسٹرڈ تمام 15 گاڑیوں سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے، میں نہیں جانتا ان گاڑیوں کا اصل مالک کون ہے، کسی نے میرے شناختی کارڈ کا غلط استعمال کیا ہے، تمام گاڑیوں کی رجسٹریشن میرے نام سے منسوخ کردی جائے۔