اسلام آباد: جسٹس (ر) عظمت سعید کی سربراہی میں براڈ شیٹ کمیشن نے ٹی او آرز تیار کرلیے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جسٹس (ر) عظمت سعید براڈ شیٹ سمیت تین کمپنیوں سے معاہدوں کی انکوائری کریں گے، سال 2000 میں ٹرو وانزایل ایل سی، براڈ شیٹ، آئی اے آر سے معاہدوں کی جانچ ہوگی۔
ٹی او آر کے مطابق 2003 میں براڈ شیٹ، آئی اے آر سے معاہدوں کے منصوبوں کی چھان بین ہوگی، براڈ شیٹ اور آئی اے آر کو 2008 میں ادائیگیوں کی انکوائری ہوگی۔
ٹی او آر میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیشن دیکھے گا کہ ادائیگی غیر قانونی تو نہیں، 2008 میں 15 لاکھ ڈالر کی غلط ادائیگی کے ذمہ داروں کا تعین ہوگا۔
انکوائری کمیشن براڈ شیٹ کو ادائیگیوں کی وجوہات اور اس کے اثرات کی نشاندہی کرے گا، کمیشن دیکھے گا کہ برطانوی عدالتوں میں کیس کس طرح لڑا گیا، کمیشن براڈ شیٹ معاملے میں غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرے گا۔
مزید پڑھیں: جسٹس (ر) عظمت سعید براڈشیٹ انکوائری کمیٹی کے سربراہ مقرر
مجوزہ ٹی او آر کے مطابق ماضی میں مصلحت یا سیاسی سمجھوتے پر بند کیسز کا جائزہ لیا جائے گا، کمیشن کو تحقیقات کے لیے افسران، ماہرین پر مشتمل کمیٹیاں بنانے کا اختیار ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جسٹس (ر) عظمت سعید کو براڈ شیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، کمیٹی میں وفاقی وزیر فواد چوہدری، شیریں مزاری، بابر اعوان اور شہزاد اکبر شامل ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ معاملہ تفصیلی طور پر عوام کے سامنے رکھا جائے، براڈ شیٹ کیس کے فیصلے میں موجود حقائق منظرعام پر لائے جائیں۔