اداکارہ بشریٰ انصاری، ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ کے بعد اب برطانوی پارلیمنٹ نے فیروز خان کو بھی ایوارڈ سے نواز دیا۔
فیروز خان ایک ورسٹائل پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلمی اداکار ہیں جنہوں نے ہٹ ڈراموں میں اپنے مشہور کرداروں کے ذریعے بڑی کامیابی اور شہرت حاصل کی۔
اداکار فیروز کی شادی سیدہ علیزہ سے ہوئی تھی لیکن شادی کے فوراً بعد دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی، فیروز خان اب ڈاکٹر زینب سے شادی کر چکے ہیں، فیروز خان کو گزشتہ روز برطانوی پارلیمنٹ نے ایوارڈ سے نوازا ہے۔
فیروز خان کو ’اسٹار آف پاکستان‘ ایوارڈ سے نوازے جانے کی تقریب ہاؤس آف لارڈز میں منعقد ہوئی، جہاں اداکار نے اہلیہ ڈاکٹر زینب کے ہمراہ شرکت کی۔
View this post on Instagram
تقریب کا انعقاد بھارتی نژاد برطانوی لارڈ کلدیپ سنگھ سہوٹا اور بیرونس الدین کی جانب سے کیا گیا تھا، جس میں دیگر برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی۔
ایوارڈ تقریب میں پاکستانی اور بھارتی نژاد شائقین نے بھی شرکت کی جب کہ میڈیا اور سوشل میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
فیروز نے ایوارڈ نے تقریب سے خطاب میں برطانوی پارلیمنٹ اور خصوصی طور پر تقریب کا انعقاد کرنے والے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایوارڈ کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد فیروز خان اور ان کی اہلیہ نے برطانوی پارلیمنٹ کے احاطے میں ایوارڈ کے ساتھ ویڈیوز اور تصاویر بھی بنوائیں۔
واضح رہے کہ فیروز خان کو ’اسٹار آف پاکستان‘ کا ایوارڈ دیے جانے سے قبل پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو بھی اسی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔