اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان کے خلاف خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان اور غیر قانونی ایکسچینج ڈیلرز کا ڈیٹا مرتب کر لیا، آئندہ دنوں میں حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز ہوں گی۔
ایف آئی اے کے مطابق انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں میں دیگر اداروں سے بھی معاونت لی جا رہی ہے، حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث دفاتر کے خلاف 109 چھاپہ مار کارروائیاں ہوئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ حالیہ چھاپوں مار کارروائیوں میں 127 افراد کو گرفتار کیا گیا، کارروائیاں پشاور، ایبٹ آباد، ڈی آئی خان، نوشہرہ، سوات، مردان، بٹ خیلہ اور کوہاٹ میں کی گئیں۔
متعلقہ: اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے ایک اور بڑا اقدام
گزشتہ روز نگراں وفاقی حکومت نے امریکی ڈالر، چینی، کھاد اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے ایف ائی اے کو بھی اختیارات فراہم کر دیے تھے۔
نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی صدارت میں اجلاس کے بعد ایف آئی اے کو کارروائیوں احکامات جاری کیے گئے۔ جاری کردہ مراسلے میں بتایا گیا کہ تمام زونل ڈائریکٹرز روزانہ کی بنیاد پر صبح 10 بجے رپورٹ بھیجیں گے۔
مراسلے کے مطابق امریکی ڈالر و دیگر غیر ملکی کرنسی کی تمام ایگزٹ اور انٹری پوائنٹس پر ایف آئی اے کارروائی کر سکے گی۔ تمام زونل ڈائریکٹر کو روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ فارم کے ذریعے تفصیلات ہیڈ کوارٹر فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔
اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کے حوالے سے اینٹی منی لانڈرنگ ڈائریکٹریٹ سے انسپیکٹر فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا۔ ایف آئی اے نے تمام زونل ڈائریکٹرز کو بھی ایک فوکل پرسن مقرر کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔