کراچی: شہر قائد میں ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بلیک میل اور ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم نے خاتون کے ساتھ محبت کا ڈراما رچایا پھر نازیبا تصاویر حاصل کرکے بلیک میل کرتا رہا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ایف آئی اے میں خاتون کو ہراساں اور بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے غیراخلاقی تصاویر برآمد کرلی گئیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے ملنے والے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور میموری کارڈ متاثرہ خاتون کی کئی غیر اخلاقی تصاویر ملی ہیں،ملزم نے پہلے لڑکی سے منگنی کی اور بھی محبت کا ڈرامہ کرکے غیر اخلاقی تصاویر بنوائی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم شعیب کو دو ہزار سترہ میں بھی گرفتار کیا گیا تھا لیکن وہ ان دنوں بیل پر تھا،ملزم نے ضمانت پر رہا ہونے کے بعد درجنوں فیک آئی ڈیز بنائیں، اور سوشل میڈیا ویب سائٹ پر تمام گھر والوں کی تصاویر ڈال دیں۔
ملزم نے خاتون کے ساتھ پورے گھرانے کو بلیک میل کیا، ملزم نے گھر والوں کی تصاویر بھی ان غیر اخلاقی تصاویر کے ساتھ شیئر کیں اور گھر کے تمام افراد کے موبائل نمبر بھی ڈال دیے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق متاثرہ خاندان نے گھر بدلا نمبر تبدیل کیا لیکن ملزم میں ان کا پیچھا نہ چھوڑا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق سائبر کرائم میں اس طرح کے کئی کیس سامنے آرہے ہیں، خواتین اور گھر والوں کو ایسے فراڈیوں سے ہوشیار رہنا چاہیے۔