اسلام آباد: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے وفاقی دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر کارروائی کرتے ہوئے ہم شکل مسافر کو دھر لیا جو بھائی کے کاغذات پر لندن جانے کی کوشش کررہا تھا۔
نمائندہ اے آر وائی صلاح الدین کے مطابق ایف آئی اے نے ہم شکل بھائی کی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر کی لندن جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کیا جس کی شناخت رفاقت علی کے نام سے ہوئی۔
ایف آئی اے کے مطابق رفاقت علی اپنے ہم شکل بھائی کے ویزے پر پی آئی اے کی پرواز پی کے 701 کے ذریعے مانچسٹر جارہا تھا کہ اسی دوران امیگریشن کاؤنٹر پر اُس سے تفتیش شروع ہوئی۔
امیگریشن حکام نے جب مسافر کے کاغذات چیک کیے تو رفاقت علی نے ظاہر کیا کہ یہ اُسی کی دستاویزات ہیں، مگر فنگر پرنٹس سے وہ پکڑا گیا جس کے بعد ایف آئی اے نے مسافر کو جعلی سفری دستاویزات کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
ابتدائی تفتیش میں رفاقت علی نے اعتراف کیا کہ وہ اس سے قبل بھی بھائی کے کاغذات پر بیرونِ ملک سفر کرچکا ہے، اُسے کبھی کوئی پریشانی نہیں ہوئی کیونکہ دونوں بھائیوں کی شکلیں مماثلث رکھتی ہیں۔ ایف آئی اے نے مسافر کومزید قانونی کارروائی کیلئے انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا۔