ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے زبردستی بھیک منگوانے والے بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ گینگ کے کارندہ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے سیالکوٹ انٹر ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ گینگ کے ظہور احمد کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم کو سعودی عرب سے واپسی پر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سےگرفتار کیا گیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ظہور احمد ایک منظم گروہ کا حصہ ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گروہ کے دیگر ملزمان میں محمد غفور اور محمد شریف شامل ہیں۔
دوسری جانب ایف آئی اے فیصل آباد زون نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے 3 مسافر کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں عمر فاروق، نائیلہ رانی اور اشرف محمود شامل ہیں، ملزمان کو مالدیپ سے پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے غیر قانونی طریقے سے بیرونِ ملک سفر کیا، ملزمان کو مالدیپ میں قیام کے دوران جعلی دستاویزات کی نشاندہی پر ڈی پورٹ کیا گیا ہے، ملزمان برطانیہ میں مقیم ارشد نامی ایجنٹ کے ساتھ رابطے میں تھے۔