کراچی: ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والے معمر شخص کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والے معمر شخص جہانگیر کو گرفتار کرلیا، ملزم نے سوشل میڈیا پر کئی جعلی آئی ڈیز بنا رکھی تھیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم لڑکیوں کو امتحانات میں پاس کرانے، نوکریوں کا جھانسہ دیتا تھا، ملزم جھوٹے مقدمات کے ذریعے ہراساں کیا کرتا تھا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم جہانگیر برسوں سے مذموم کام میں ملوث ہے اور لڑکیوں کو بلیک میل کرتا ہے۔
رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 8 ملزمان گرفتار
ادھر رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں گینگ وار کا بھتہ خور، اسٹریٹ کرمنل شامل ہیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کلری سے گینگ وار کے بھتہ خور شاہد اقبال کو گرفتار کیا گیا، عوامی کالونی، فیروز آباد، گارڈن سے 6 جرائم پیشہ ملزمان گرفتار کیے گئے۔
کورنگی سے ایم کیو ایم لندن کا ملزم ممتاز صدیقی کو گرفتار کیا گیا، ملزمان سے اسلحہ، منشیات، ایمونیشن برآمد ہوا ہے جبکہ مزید کارروائی کے لیے ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔