اسلام آباد: گوجرانوالہ میں گزشتہ رات گرفتار ہونے والے بھارتی شہری پنجم تیواری کا ایف آئی اے نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے گوجرانوالہ میں گرفتار ہونے والے بھارتی شہری کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ بھارتی شہری پنجم تیواری سے مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔
ملزم بھارتی شہری کا کہنا ہے کہ اس نے اسلام قبول کر لیا ہے، اور وہ اب پاکستان ہی میں رہنا چاہتا ہے۔ پنجم تیواری نے کہا میں بہ طور مسلمان یہیں زندگی گزارنا چاہتا ہوں، بھارت نہیں جانا چاہتا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ پنجم تیواری نے 2009 میں دبئی میں پاکستانی شہری کامران کے ساتھ مل کر کاروبار کیا پھر اسلام قبول بھی کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایک اور مبینہ بھارتی جاسوس ڈیرہ غازی خان سے گرفتار
ملزم کا کہنا ہے کامران نے پاکستان میں رہنے اور بہن سے شادی کی پیش کش کی تو انسانی اسمگلرز کے ذریعے سمندری راستے سے کراچی پہنچا اور شناختی کارڈ حاصل کر لیا، اس کے بعد کامران کی بہن سے شادی ہوئی جس سے تین بچے ہیں۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار بھارتی شہری دس سال سے گوجرانوالہ میں جعلی پاسپورٹ اور جعلی کاغذات کے ساتھ رہ رہا تھا، پنجم تیواری بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر بنارس کا رہایشی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم تیواری نے اپنا اسلامی نام بلال رکھا ہے، ایف آئی اے نے تیواری اور کامران سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔