فیصل آباد: ایف آئی اے نے شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے یورپ بھجوانے میں ملوث انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) انسانی اسمگلرز کے خلاف خفیہ کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے میں ملوث انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم میں غلام دستگیر عرف کامران لیبیا شامل ہے جبکہ اس سے قبل عبدالرحمان نامی ایجنٹ کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق عبدالرحمان کی نشاندہی پر غلام دستگیر نامی انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان شہریوں کو سمندر کے راستے لیبیا سے یورپ بھجوانے میں ملوث ہیں اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا حصہ بھی ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 7 شہریوں کو یورپ بھجوانے کے نام پر 2 کروڑ 73 لاکھ روپے لیے، ملزمان نے متاثرہ شہریوں کو پہلے عمرہ ویزے پر سعودی عرب بھجوایا پھر سعودی عرب سے لیبیا بھجوایا جس کے بعد شہریوں کشتی میں لیبیا سے اٹلی اور یونان بھجوایا جاتا تھا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کے موبائل فون سے اہم شواہد برآمد کر لئے گئے، ملزمان کے موبائل فون سے متاثرین اور ایجنٹوں سے رابطے کے شواہد ملے ہیں جس کے بعد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔