لاہور : شوگر اسکینڈل اور25 ارب کی منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف نے ایف آئی اے کے ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا،ایف آئی اے حکام تفصیلی تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرا ئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق شوگر اسکینڈل اور25 ارب کی منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے حکام شہباز شریف کی تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایف آئی اے نے شہباز شریف سے 25 سوالات کیے ، جس میں سے شہباز شریف نے ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا۔
ایف آئی اے نے سوال کیا کہ اربوں کی پراپرٹی کیسے بنائی ؟ جس پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ میری بیگمات سے معلوم کر یں، کاروبار میں اضافہ اور فیکٹریوں سے متعلق سوال پر شہباز شریف نے کہا سلمان شہباز شریف سے پوچھیں۔
ایف آئی اے نے پوچھا 25 ارب آپ کےاور فیملی کےاکاؤنٹس میں جمع ہوئے اورنکالے گئے ، جس پر اپوزیشن لیڈر نے کہا اس بارے میں میرے وکیل جواب دیں گے۔
ایف آئی اے حکام تفصیلی تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کرا ئیں گے، ایف آئی اے کی رپورٹ تیار ہے ، جو ڈی جی ایف آئی اے کو فراہم کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے حکام رپورٹ آج یا کل عدالت میں جمع کرادیں گے۔