جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

میشا شفیع کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے والا افسر معطل

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے والے افسر آصف اقبال کو معطل کردیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے والے افسر آصف اقبال کو معطل کردیا گیا، دو سال کی تفتیش کے بعد ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے 9 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، آصف اقبال کو انصاف دو کا ہیش ٹیگ ٹویٹر پر ٹرینڈ بن گیا۔

ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر سائبر کرائم سیل آصف اقبال کی معطلی کی وجہ نوٹیفکیشن میں نہیں بتائی گئی، ایف آئی اے حکام کے مطابق آصف اقبال کو سوشل میڈیا پوسٹ پر معطل کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق آصف اقبال نے ٹویٹر پر قانون کی شق پوسٹ کی تھی، ان کی پوسٹ کو گلوکار علی ظفر نے ری ٹویٹ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: علی ظفر کو ‘بدنام کرنے کی سازش’ کرنے کا مقدمہ درج، میشا شفیع اور عفت عمر نامزد

ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکومتی شخصیت کے دباؤ پر انہیں معطل کیا گیا، وہ دو سال سے علی ظفر اور میشا شفیع کیس کی تفتیش کررہے تھے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر کسی کے بارے میں غلط خبر شیئر کی جائے جس سے اس کی بدنامی ہو جرم ہے جس پر سزا تین سال قید یا دس لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں گلوکار و اداکار علی ظفر کو مبینہ طور پر بدنام کرنے کی سازش کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں گلوکارہ میشا شفیع، لینا غنی، حسیم الزمان، عفت عمر، ہمنا رضا، ماہم، علی گل پیر، فریحہ ایوب اور فیضان رضا کو نامزد کیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں