کراچی: ایف آئی اے کی ٹیم گرفتاری کیلئے پی ٹی آئی رہنما طارق شفیع کے گھرمیں داخل ہوگئی ، طارق شفیع کے خلاف اسٹیٹ بینک سرکل میں چند روز قبل مقدمہ درج ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ممالک سے رقوم کی غیرقانونی طور پر منتقلی کے معاملے پر ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل ٹیم پی ٹی آئی رہنما طارق شفیع کے گھر کے پہنچی۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ گھر میں داخل ہونے کیلئے وارنٹ لے کر آئے ہیں، جس کے بعد ٹیم گرفتاری کیلئے پی ٹی آئی رہنماطارق شفیع کے گھر میں داخل ہوگئی۔
ٹیم کل دوپہرسے کے ڈی اے اسکیم ون میں طارق شفیع کے گھر کے باہرموجود تھی ، ملزم پر فنڈز کی اصل نوعیت، مقام اور ملکیت چھپانے کا الزام ہیں۔
ایف آئی اے اہلکاروں نےدیوار کود کر اندر سے دروازہ کھولا ، ایف آئی اے کی ٹیم خاتون افسر اور لیڈیزسرچرز کے ہمراہ اندر گئی، طارق شفیع پی ٹی آئی سینٹرل فنانس بورڈکے ممبر ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق شفیع اور دیگر کے خلاف اسٹیٹ بینک سرکل میں چند روز قبل مقدمہ درج ہوا تھا، مقدمے میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں پر فنڈنگ ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کرنے سمیت دیگر الزامات لگائے گئے ہیں۔
رات گئے بھی پی ٹی آئی رہنما طارق شفیع کی رہائش گاہ پر ایف آئی اے نے چھاپہ مارا تھا ، جس کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کو طارق شفیع کے گھر کے باہر تعینات کر دیا گیا تھا۔