ریاض: سعودی عرب میں موسلا دھار بارشوں کے بعد مدینہ منورہ کے مختلف علاقوں میں جھینگروں کی یلغار نے عوام کے لیے مشکلات پیدا کردیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں موسلا دھار بارشوں کے بعد مدینہ منورہ کے مختلف علاقوں میں جھینگروں کی یلغار نے عوام کے لیے مشکلات پیدا کردیں، سعودی حکام ان سے نجات حاصل کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے مدینہ منورہ شہر کے اطراف میں جھینگروں کی بڑی تعداد پائے جانے کی مختلف ویڈیوز شیئر کی ہیں۔
مدینہ منورہ میونسپلٹی حکام کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں جھینگروں سے نجات پانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، حکام کے مطابق مدینہ منورہ کے تاریخی علاقوں سمیت شہر بھر کے 107 علاقوں میں اسپرے کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: مکہ معظمہ، حرمِ کعبہ پرکالے جھینگروں کی یلغار، زائرین پریشان
دوسری جانب مسجد نبوی کی انتظامیہ نے حرم کو جھینگروں سے پاک رکھنے کے لیے خصوصی تدابیر اختیار کی ہیں جس کے تحت 30 سے زائد گاڑیاں مختص کی گئی ہیں جو مختلف اوقات میں اسپرے کرتی رہتی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق بیرونی حرم کے صحنوں کی صفائی کے لیے 150 کارکنوں کو تعینات کیا گیا ہے، رات کے وقت چھتریوں کو کھلا رکھا جاتا ہے، حرم کے اندر تمام گنبدوں کو بند کرنے کا خصوصی اہتمام کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں بھی حرم شریف میں اچانک کالے جھینگروں کی یلغار نے عوام کے لیے مشکلات پیدا کردی تھیں جبکہ انتظامیہ نے حرم شریف سمیت شہر میں جھینگروں کے خاتمے کے لیے جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا تھا۔