لاہور: فیفا ورلڈکپ کی چمچماتی ٹرافی کو پاکستان میں رونمائی کے لئے پیش کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ ٹرافی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے تاشقند سے لاہور پہنچی، ٹرافی سابق فرینچ فٹبالر کرسچئین کریمبو لے کر آئے ہیں جو انیس سو اٹھانوے میں فرانس کے فاتح فٹ بال ٹیم کا حصہ تھے۔
بعد ازاں لاہور کے نجی ہوٹل میں ورلڈکپ فٹ بال کی رونمائی کی گئی، فرانس کے سابق کھلاڑی کرسچن کریمبیونے ٹرافی کی رونمائی کی، قومی فٹ بالر حاجرہ خان بھی اس موقع پر موجود تھی۔
ٹرافی کی رونمائی کے بعد دلکش آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
تقریب میں سابق پاکستانی فٹبالرز نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور تقریب کو چارچاند لگائے، قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ ٹرافی صرف لاہور تک محدود رہے گی اور آج رات ہی اپنے اگلے سفر سعودی عرب کے لئے روانہ ہوجائے گی۔
قومی فٹبالر کھلاڑی حاجرہ نے فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان فٹبال کےحالات بہتر نہیں لیکن اس کے باوجود فیفا ٹرافی آنا بڑی بات ہے
یہ مسلسل دوسرا موقع ہے جب فیفا ورلڈ کپ ٹرافی نے پاکستان کا رخ کیا ہے، اس سے قبل بھی دوہزار اٹھارہ میں یہ ٹرافی لاہور لائی گئی تھی، ٹرافی کے ہمراہ فرانس کے فٹبال ورلڈ کپ ونر کرسچئین کریمبو ہی پاکستان آئے تھے جنہوں نے ٹرافی کو نمائش کیلئے پیش کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا فٹبال ورلڈکپ ٹرافی کی پاکستان آمد، تقریب رونمائی کہاں ہوگی؟
فیفا قوانین کے مطابق اس ٹرافی کو تھامنے کا حق یا تو ورلڈ کپ جیتنے والے کھلاڑی یا فیفا صدر یا پھر سربراہان مملکت کو ہی ہے،منتظمین کے مطابق اس بار بھی ٹرافی کے ساتھ فرانسیسی ورلڈ چیمپین کرسٹن کیرمبایو ہی پاکستان آئیں گے۔
فیفا ورلڈکپ کے آغاز سے چھ ماہ قبل ورلڈکپ ٹرافی کے دنیا بھر کے سفر کا آغاز فیفا ہیڈ کوارٹر دبئی سے ہوا جہاں فٹبال ورلڈکپ کے فاتح آکر کیسیلا اور کاکا نے اصل فیفا ٹرافی ٹور کو نمائش کے لیے پیش کیا۔
واضح رہے کہ فٹبال کا عالمی کپ فیفا 2022 خلیجی ریاست قطر میں 21 نومبر سے 18 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔