لاہور: پنجاب حکومت نے ہائی پروفائل کیسز میں رہا ہونے والوں کی ضمانتیں منسوخ کرانے کے لیے اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں 9 مئی واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ہائی پروفائل کیسز میں رہا ہونے والوں کی ضمانتیں منسوخ کرانے کے لیے اپیلیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ میں ملوث 171 شرپسندوں کی شناخت نہ ہونے کا بھی سخت نوٹس لیا گیا، نگراں وزیر اعلیٰ نے شرپسندوں کی شناخت کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے مفرور شرپسندوں کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کی بھی ہدایت کی، محسن نقوی نے کہا تمام شرپسندوں کے خلاف کیسز کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے، اور مفرور شرپسندوں کا تعاقب جاری رکھا جائے۔
انھوں نے ہدایت کی کہ ٹیکینکل کے ساتھ ہیومن انٹیلیجنس کے ذریعے بھی مفروروں تک پہنچا جائے، پراسیکیوشن کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے، انھوں نے کہا کہ مفرور شرپسند جتنا مرضی چھپ لیں ان تک پہنچیں گے، 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ کر کے ملک کی اساس پر حملہ کیا گیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یہ حملے، جلاؤ گھیراؤ، لوٹ مار اور توڑ پھوڑ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی گئی تھی، شرپسندوں نے جو گھناؤنا کھیل کھیلا وہ ناقابل معافی جرم ہے، سیاست کی آڑ میں دہشت گردی کی گئی، ان کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، آئی جی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، سیکریٹری پراسیکیوشن، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ سرگودھا، گوجرانوالہ، راولپنڈی کے کمشنرز، اور آر پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔