تازہ ترین

فنانس بل 24-2023 کی آج توثیق کا امکان

اسلام آباد : قائم مقام صدر مملکت صادق سنجرانی کی جانب سے آج فنانس بل کی توثیق کا امکان ہے ، صدر مملکت عارف علوی فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے فنانس بل 24-2023 توثیق کیلئے صدر کو ارسال کر دیا ، قائم مقام صدر مملکت صادق سنجرانی کی جانب سے آج فنانس بل کی توثیق کا امکان ہے۔

یاد رہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں ہیں ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائمقام صدر کا عہدہ سنبھال لیا ہے ، وہ ایوان صدر پہنچ گئے ہیں۔

گذشتہ روز ایوان نے فنانس بل میں اضافی ترامیم کثرت رائے سے منظور کیں تھیں ، دوہزار اکیس بائیس اور دوہزار بائیس تیئس کیلئے پندرہ سو اکیاسی ارب اور چوہتر کروڑ روپے کا ضمنی بجٹ منظور کیا گیا۔

دوہزار اکیس بائیس کیلئے نوسو تہتر ارب چھیاسٹھ کروڑ سے زائد کے انہتر ضمنی مطالبات زر کی منظوری دی جبکہ ان میں دفاع کیلئے نواسی ارب سڑسٹھ کروڑ کے ضمنی مطالبے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ ڈویژن کے گیارہ ارب چورانوے کروڑ سے زائد کے ضمنی مطالباتِ ز ر منظور کیے، پاور ڈویژن کا تین سوارب، پٹرولیم ڈویژن کا دوسوچار ارب چھتیس کروڑ روپے سے زائد کا ضمنی مطالباتِ زر منظور کیا۔

مالی سال دو ہزار بائیس تیئس کیلئے چھ سو آٹھ ارب سے زائد کے تیس ضمنی مطالبات زرمنظور کیے جبکہ دفاع کے چوبیس ارب اٹھانوے کروڑ روپےسے زائد کے ضمنی مطالبات زر منظور کیے، اس کے ساتھ پاور ڈویژن کا تین سو اٹھاون ارب پینتالیس کروڑ جبکہ پٹرولیم ڈویژن کا تریسٹھ ارب تیئس کروڑ روپے سےزائد کا ضمنی مطالبہ منظور کیا گیا۔

Comments

- Advertisement -