اتوار, اکتوبر 6, 2024
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کیخلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت ایک اور مقدمہ

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں دہشتگردی سمیت 13 دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں اجمل صابر، ملک تیمور مسعود، جاوید کوثر، زاہد خلیق کیانی، شہریار ریاض جبکہ 200 سے 300 نامعلوم ملزمان بھی نامزد ہیں جن میں سے 16 کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

درج ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے ایم ون موٹروے پر سڑک بلاک کر کے فائرنگ کی جسے خوف و ہراس پھیلا، ملزمان اسلحہ، ڈنڈے اور پیٹرول بم لے کر اسلام آباد کی طرف بڑھ رہے تھے، انہوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور توڑ پھوڑ کی۔

- Advertisement -

مقدمے میں کہا گیا کہ جب ملزمان کو روکنے کی کوشش تو یہ پولیس پر حملہ آور ہوئے، ملزمان نے بانی پی ٹی آئی کی ایما پر نہ صرف ریاست اور سکیورٹی اداروں کے خلاف نعرے بازی کی بلکہ اشتعال بھی پھیلایا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں غیر معمولی سہولیات کے باعث کارکنان پر تشدد مظاہروں پر اتر آئے، سابق وزیر اعظم کے ساتھ پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتوں میں ساری منصوبہ بندی کی گئی تھی، ملزمان نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کار سرکار میں مداخلت کی۔

قبل ازیں، لاہور میں پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جن میں بانی پی ٹی آئی، ان کی بہنوں، علی امین گنڈاپور سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا۔

لاہور میں مظاہرین کے خلاف درج مقدمات کی تعداد 22 ہوگئی جن میں سے پولیس نے 4 مقدمات دہشتگردی دفعات کے تحت تھانہ اسلام پورہ اور شفیق آباد میں درج کیے گئے۔

دہشتگردی کے تحت درج مقدمات میں بانی پی ٹی آئی، ان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان، علی امین گنڈاپور، پی ٹی آئی پنجاب کے صدر سمیت دیگر پارٹی قیادت نامزد ہے۔

لاری اڈہ، مستی گیٹ میں بھی دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔ اس کے علاوہ شاہدرہ، ملت پارک، ہنجر وال، کینٹ ڈویژن کے تھانوں میں 15 مقدمات درج کیے گئے۔

پولیس کے مطابق 15 مقدمات دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیے جا چکے ہیں۔ تھانہ ملت پارک، ہنجر وال میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں پر مقدمات کیے گئے۔

تھانہ ہنجروال میں 20 پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جبکہ پانچ کارکنوں کو احتجاج کے لیے نکلنے پر گرفتار کیا گیا۔

تھانہ ملت پارک میں مقدمہ سب انسپکٹر حافظ عمران کی مدعیت میں 10 کارکنوں کے خلاف درج کیا گیا۔ پابندی کے باوجود احتجاج، سرکاری ملازمین پر تشدد کا مقدمہ مستی گیٹ تھانےمیں درج کیا گیا جب کہ پی ٹی آئی حامی وکلا اور پولیس میں تصادم کا مقدمہ تھانہ اسلام پورہ میں درج کیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں