کراچی: ضلعی عدالت نے فردوس عاشق اعوان کے ایم این اے قادر مندوخیل کو تھپڑ مارنے پر ایف آئی آر درج کرنے سے انکار پر ایس ایچ او کو طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے قومی اسمبلی کے رکن قادر مندوخیل کو تھپڑ مارا تھا، جس پر قادر مندوخیل نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا لیا، فردوس عاشق کے خلاف مقدمے کے اندراج کے کیس کی سماعت آج ڈسٹرکٹ عدالت میں ہوئی۔
عدالت نے ایس ایچ او کو 29 جون کے لیے نوٹس جاری کر دیے، عدالت نے ایس ایچ او کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے، اور واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی مانگ لی ہے۔
درخواست میں قادر مندوخیل نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان نے مجھے تھپڑ مارا، اور تشدد کیا، اس واقعے سے میرے ووٹرز اور اہل خانہ کو شدید صدمہ پہنچا، پولیس نے واقعے کے مقدمے کے اندراج سے انکار کیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کی مندوخیل کیخلاف قانونی کارروائی
قادر مندوخیل نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ پولیس کو فردوس عاشق کے خلاف مقدمے کا حکم جاری کیا جائے۔
یاد رہے کہ 9 جون کو پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل کو ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں فردوس عاشق اعوان نے تھپڑ جڑ دیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس سے متعلق بعد میں فردوس نے کہا کہ انھوں نے ایسا سیلف ڈیفنس میں کیا، اور وکیل کے ذریعے ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا۔