اشتہار

وزیر اعظم 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے: فردوس عاشق اعوان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پوری قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر احتجاج کر رہی ہے، وزیر اعظم جنرل اسمبلی میں 27 ستمبر کو مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پلانٹ فار پاکستان کو چپے چپے تک پہنچانے کی ضرورت ہے، دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ گلوبل وارمنگ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا 10 ارب درخت لگانے کا وژن ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بلا معاوضہ پودے فراہم کیے جا رہے ہیں، پوری قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر احتجاج کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے فوکل گروپ قائم کیا ہے۔ اسی ہفتے وزیر اعظم قوم سے خطاب کریں گے اور اسی ہفتے ایک دن کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

- Advertisement -

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں کرفیو کو 20 دن ہوچکے ہیں، میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی نہیں دی جارہی ہے۔ پاکستان کے صحافیوں نے مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ پاکستان کے صحافیوں کو اس اقدام پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ پاکستان کی اقلیتوں نے سب کے ساتھ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام دنیا سے اپنا حق مانگ رہے ہیں، دنیا اس وقت خواب خرگوش میں ہے، کشمیریوں کی آواز سننے کو تیار نہیں۔ بھارت مقبوضہ وادی میں نسل کشی کرنے جا رہا ہے۔ جینو سائیڈ کی رپورٹ عالمی اداروں اور دنیا کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا احترام اپنی عبادت گاہوں کی طرح کرتے ہیں، عالمی صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی نہیں دی جا رہی ہے۔ پرچم میں سفید رنگ ہمیں اتنا عزیز ہے جتنا سبز رنگ عزیز ہے، وزیر اعظم پاکستان بار بار دنیا کو آگاہ کر رہے ہیں، اقلیتی برادری کا اتنا ہی حق ہے جتنا اکثریت کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں سکھوں سمیت اقلیتوں کی زندگی اجیرن ہے، حکومت پاکستان سکھ بھائیوں کو خوش آمدید کہے گی۔ وزیر اعظم مذہبی سیاحت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم جنرل اسمبلی میں 27 ستمبر کو مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں