اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہےکہ شہید بھٹو کی نظریاتی جماعت کرپشن کے ہاتھوں شہید ہوچکی ہے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے خصوصی بیان میں کیا. ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جیبیں خالی ہیں، کیوں کہ آپ کی جماعت نے نظریاتی سیاست کو دفن کیا، آپ کی جماعت نے ذاتی مفادات اور کاروبار کے نظریہ کو گلے لگایا۔
فردوس عاشق نے مخالفین کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ جب کرپشن مقدمات کی سماعت ہوتی ہے، ن لیگ اور پی پی، دونوں جماعتوں کو جمہوریت یاد آجاتی ہے.
قوم نے عمران خان کو منتخب کرکے موروثی سیاست مسترد کر دی، جذباتی باتیں کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے، آپ کے والد پر مقدمات انھوں نے بنائے، جنھیں آج آپ جیل جا کر ملتے ہیں.
مزید پڑھیں: عمران خان چین میں پاکستانی عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان
معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ احتساب کی زد میں آئی دونوں جماعتوں کی زبان، بیان اور اقدام ایک ہو چکا ہے، جعلی، بے نامی اکاؤنٹس، اثاثوں کا جواب دینا ہوگا، عوام کا لوٹا ہوا مال عوام کو واپس کرنا ہو گا، لوٹ کے مال کی بات کریں، تو عوامی حقوق کا شورشروع ہو جاتا ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بہتر ہوتا کہ ن لیگ لاپتا قیادت سے ٹی ٹیز، پاپڑ، ریڑھی والے کے اکاونٹس کا پوچھتی؟ میاں صاحبان کوآج بھی اپنی ہی صحت کی فکر ہے، کاش میاں صاحبان نے قوم کی صحت کا بھی خیال کیا ہوتا.
ڈاکٹر فردوس عاشق کا کہنا ہے کہ شہبازشریف لندن میں بیٹھ کرکس منہ عوام کی بات کر رہے ہیں، عوام کے نام پر پیٹ بھرنے والے مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے، لٹیروں کی جمہوریت اور جمہوری سوچ سےعوام آگاہ ہیں.