پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

بے روزگاری اور مہنگائی کے چیلنجز درپیش ہیں: فردوس عاشق اعوان

اشتہار

حیرت انگیز

سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بدلتے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ضروری ہے، ہمیں بے روزگاری اور مہنگائی کے چیلنجز درپیش ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یکساں نظام تعلیم اور نصاب پر کام کر رہی ہے، صوبائی حکومتیں وزیر اعظم کے وژن کے مطابق عمل کے لیے پرعزم ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ تعلیمی پالیسی میں صرف داخلے نہیں جاب پورٹل بھی بنا رہے ہیں۔ جدید تقاضوں کے مطابق حکومت ایک نظام لا رہی ہے۔ بدلتے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبا کو جدید ٹیکنالوجی کے مطابق مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ ای گورننس اور ای کامرس کے لحاظ سے سہولتیں ناکافی ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتیں اہداف کے مطابق استعمال کریں گے۔ سیالکوٹ کے جاب سے متعلق ماڈل کو پنجاب اور پورے ملک میں لاگو کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا وژن ہے صنعتیں چلیں گی تو غریب کے گھر کا چولہا جلے گا، کاشتکار سے صارف تک جنس پہنچنے میں ایک خلیج حائل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈگری کالج دن میں چلتے ہیں، شام میں عمارات استعمال نہیں ہوتیں۔ منصوبہ متعارف کروا رہے ہیں جس میں خواتین کو تربیت دی جائے گی۔ ہمیں بے روزگاری اور مہنگائی کے چیلنجز ہیں۔

سیاسی حالات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حقائق بولتے ہیں، چھپ نہیں سکتے۔ نواز شریف کہتے تھے پاکستان میں رہ کر ووٹ کو عزت دوں گا، جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ اب ان کا چند دن جیل میں گزارنا مشکل ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ ترجمان آہ و بکا کر رہے تھے کہ میاں صاحب کو شدید خطرات ہیں۔ کافی دن ہوگئے ترجمان تازہ صورتحال عوام کو بتانے سے قاصر ہیں۔ اتنے دن گزر گئے باہر کے ڈاکٹروں کی حتمی سفارش نہیں آئی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ن لیگ کے ترجمان بتائیں کہ اب ان کے پلیٹ لیٹس کتنے ہیں؟ وہ کون سی خطرناک بیماری تھی جس کا علاج یہاں ممکن نہیں تھا؟ بیمار کے ساتھ وہ سہولت کار بھی بھاگ گیاجو نیب اور عدالتوں کو مطلوب ہے، قوم جاننا چاہتی ہے سہولت کار کو کیا بیماری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے والے کا نام صرف عمران خان ہے، باقی سب مسترد لوگوں کا ٹولہ ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں