کراچی:ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں آگ پر 20 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے ، فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل دو سے تین روز تک چل سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں لگنے والی آگ پرقابو پا لیا گیا، آگ پر20 گھنٹے بعد قابو پایا گیا ، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی جانب سے کولنگ کا عمل جاری ہے ، فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ کولنگ کا عمل دو سے تین روز تک چل سکتا ہے۔
اس سے قبل ترجمان کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون ملک عبدالعزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا آگ کو مزید بڑھنے سے روک دیا ہے ، آگ نے تین فیکٹریوں کو اپنی لپیٹ میں لیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ آگ گتے کی فیکٹری میں لگی ،کپڑےاورپلاسٹک دانہ فیکٹری تک پہنچی، کےایم سی، نیوی اورہماری اپنی گاڑیوں نے اچھا کام کیا، واقعہ میں مالی نقصان ہوامگر جانی نقصان سے بچ گئے۔
ملک عبدالعزیز نے مزید کہا تھا کہ ابتدائی معلومات کےمطابق آگ شارٹ سرکٹ سےلگی، آگ پر 80 فیصد قابو پالیا گیاہے، مزید کولنگ میں 3سے 4 دن لگ سکتے ہیں۔
یاد رہے گذشتہ روز شہر قائد کے علاقے لانڈھی کی صنعتی فیکٹری میں لگنے والی آگ بے قابو ہوگئی تھی ، آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کالانڈھی فیکٹری میں آگ کا نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو اداروں کو ہدایت کی تھی کہ فیکٹری کے مزدوروں کی زندگیاں ہرصورت بچائی جائیں، آگ بجھانے کے لیے مزید فائرٹینڈرز کی ضرورت ہو تو دیگر اداروں سے فوری طور پر مدد طلب کی جائے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ وہ تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ ارسال کریں۔