کراچی: چیف فائر افسر نے کورنگی کریک میں کافی دنوں سے لگی آگ کے حوالے سے کہا ہے کہ اس پر قابو پایا جاسکتا ہے لیکن اس سے گیس پھیل سکتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کورنگی کریک میں لگنے والی آگ کو ایک ہفتے سے زائد گزر گیا ہے تاہم اب تک یہ بجھائی نہیں جاسکی، چیف فائر افسر نے کہا کہ آگ پر قابو پایا جاسکتا ہے لیکن اس سے گیس پھیل سکتی ہے، آگ کی شدت اور زیرزمین سے نکلنے والے پانی میں کمی آئی ہے۔
چیف فائرافسرہمایوں خان نے بتایا کہ گیس پھیلنے سے گرد و نواح میں نقصان پہنچ سکتا ہے، آگ کی نوعیت سے لگ رہا ہے کہ زیرزمین بڑا ذخیرہ نہیں۔
انھوں نے کہا کہ عموماً ایسی آگ کو ایک ماہ تک جلنے دیا جاتا ہے، جائے وقوعہ سے لیے گئے نمونوں پر متعلقہ ادارے تحقیق کررہے ہیں۔
چیف فائر افسر کا مزید کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں کے باعث رپورٹ آنے میں دیر ہوئی، امید ہے کہ پیر تک رپورٹ موصول ہوجائے گی۔