اسلام آباد : دارالخلافہ کے علاقے آئی-8 میں واقع امام بارگاہ باب العلم کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ملزمان فرار ہوگئے.
تفصیلات کے مطابق جدید ہتھیاروں سے لیس گھات لگائے ملزمان نے نماز کی ادائیگی کے بعد امام بارگاہ سے باہر آنے والے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نمازی موقع پر جاں بحق جب کہ چار افراد زخمی ہو گئے.
ریسکیو ادارے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کردیا جب کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ جاں بحق شخص کی میت کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا.
پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت حبدار حسین کے نام سے ہوئی ہے جو کہ سرکاری ادارے میں ملازم تھا جب کہ تاحال زخمیوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے اور حملہ آوروں کا پیچھا کیا جا رہا ہے جنہیں جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا.