مچھ:صوبہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں کام پر جانے والے کان کن دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
لیویز ذرائع کے مطابق واقعہ مچھ میں گیشتری کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب کان کن اپنے کام پر جارہے تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں سات کان کن موقع پر ہی جاں بحق جبکہ کئی شدید زخمی ہوئے تھے۔لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثے پر پہنچی اور زخمیوں اور لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے، دوران علاج مزید تین کان کن زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد دہشت گردوں کے بزدلانہ وار سے جاں بحق کان کنوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔
لیویز حکام کے مطابق کوئلہ فیلڈ میں کام کرنے والے کان کنوں کو پہلے یرغمال بنا یاگیا پھر ہاتھ پاؤں باندھ کر فائرنگ اور تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، مقتول کان کنوں کا تعلق کوئٹہ سے بتایا جاتا ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد لیویز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمان نے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں رونما ہونے والے واقعےکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کان کنوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے، دہشت گردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،وزیر اعلیٰ بلوچستان نےمتعلقہ حکام سے واقعے کی فوری بھی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
لواحقین اور مقامی افراد کا شدید احتجاج
مچھ میں آج صبح رونما ہونے والے واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو اسپتال سے گھر روانہ کیا گیا تو مچھ کےقریب قومی شاہراہ پر موجود سینکڑوں مظاہرین نے میتیں اور ایمبولینس روک کر شدید احتجاج کیا اور فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا، لواحقین اور مزدوروں کے احتجاج کے باعث کوئٹہ سبی شاہراہ پر گاڑیوں کی طویل لائنیں لگ گئیں اور کافی دیر تک ٹریفک معطل رہا۔