بھارت میں ایک ہوٹل گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا وہاں کھانا کھانے کے لیے آئے افراد نے بھاگ کر اور میزوں کے نیچے چھپ کر جان بچائی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارت کی ریاست بہار کے ضلع مظفر آباد کے علاقے بھگوان پور میں ایک ہوٹل میں اس وقت پیش آیا جب وہاں کئی لوگ اپنی فیملیز کے ساتھ کھانا کھانے کے لیے موجود تھے۔ اچانک فائرنگ شروع ہوئی جس سے وہاں موجود افراد میں خوف وہراس پھیل گیا۔ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے ہوٹل کئی منٹ تک گونجتا رہا۔
اس ساری صورتحال کو ہوٹل اور باہر لگے کیمروں نے محفوظ کر لیا جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوٹل کے باہر کچھ لوگ فائرنگ کر رہے ہیں جب کہ کھانے کے لیے موجود گاہک خوفزدہ ہو کر اپنی جانیں بچانے کے لیے وہاں سے بھاگتے ہیں جب کہ کئی افراد میزوں کے نیچے چھپ جاتے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے۔
اس حوالے سے ایس پی سٹی اروینڈ پرتاب سنگھ کا کہنا ہے کہ مسلح ملزمان کی فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ابتدائی تحقیقات سے لگتا ہے کہ ملزمان کی جانب سے کسی کو ٹارگٹ بنا کر فائرنگ نہیں کی گئی بلکہ ان کا مقصد صرف ہوٹل مالک کو خوفزدہ کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اب تک ہوئی والی تحقیقات میں چار ملزمان سامنے آئے ہیں جو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر یہاں آئے تھے اور انہوں نے دس سے زائد راؤنڈز فائر کیے۔ واقعے کے حوالے سے ہوٹل مالکان سے بھی معلومات لے رہے ہیں۔