ملتان: پنجاب کے ضلع ملتان میں ٹرانسپورٹ گروپوں میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے، پی پی رہنما کا بھائی بھی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں وہاڑی چوک پر دو ٹرانسپورٹ گروپوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے، پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت رانا مہران اور حذیفہ ڈوگر کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول رانا مہران پیپلز پارٹی کے رہنما رانا سجاد کا بھائی ہے، رانا اور ڈوگر گروپس میں یہ محاذ آرائی کافی عرصے سے چلی آ رہی ہے، اور دونوں کے درمیان چھوٹے موٹے جھگڑے روز کا معمول تھا۔
ذرائع کے مطابق بس اسٹینڈ پر دونوں گروپوں کے درمیان جھگڑا ٹرانسپورٹ ٹائم اٹھانے کے معاملے پر ہوا، جس پر دونوں اطراف سے فائرنگ ہوئی جس میں دو جانیں چلی گئیں۔
گروپوں میں فائرنگ کے دوران دو راہگیر بھی زخمی ہوئے ہیں، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔