پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا پہلا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور دیگر اسیران کو فوری رہا کرو۔
تفصیلات کے مطابق جلسے سے خطاب کرتے ہوئے زین قریشی نے کہا کہ دوسرا مطالبہ ہے ہمارا جو مینڈیٹ 8 فروری کو چھینا گیا وہ واپس کرو، ہمارے نشان کو چھین لیا گیا، میں نے جوتے کے نشان پر الیکشن لڑا، حلقے کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے 2 لاکھ ووٹ دیکر مجھے اسمبلی میں بھیجا۔
زین قریشی نے کہا کہ میں آج قیدی نمبر 805 شاہ محمودقریشی کی جانب سے پیش ہوا ہوں، شاہ محمود قریشی سے ملا تو انھوں نے کہا بانی پی ٹی آئی بہت جلد باہر آرہا ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے کہا کہ صوابی کی عوام کو کہنا بانی نے جو تحریک چلائی ہے اس میں ساتھ دیں۔
زین قریشی نے بتایا کہ شاہ محمود نے کہا کہ میں جب باہرنکلوں گا تو بانی کے وژن کا دفاع کرونگا، پنجاب میں اگر جلسے کرنے کی اجازت دی جائے تو ہر ضلع میں ایسے جلسے ہونگے۔