واشنگٹن : امریکی کمپنیوں کو آئندہ ہفتے ہونے والے سورج گرہن کے سبب ملازمین کے کام میں پڑنے والے خلل کے نتیجے میں کروڑوں ڈالروں کے نقصان کا اندیشہ ہے۔
امریکی فرم Challenger , Gray & Christmas کے ایک اندازے کے مطابق امریکی کمپنیوں کو پیداوار کی مد میں 20 منٹ کے دوران تقریبا 69.4 کروڑ ڈالر کا خسارہ برداشت کرنا ہو گا، 21 اگست بروز پیر ملازمین اپنے کام کے دوران دفتر سے باہر آ کر اس سورج گرہن کا نظارہ کریں گے جو تقریبا 2.5 منٹ تک جاری رہے گا۔
شکاگو میں صدر دفتر رکھنے والی فرم کے نائب سربراہ اینڈی چیلنجر نے بتایا کہ 20 منٹ دراصل ایک محتاط اندازہ ہے بعض لوگ تو دُور بین یا خصوصی ویژن کے چشموں کی تیاری میں اس سے بھی زیادہ وقت لیں گے یہاں تک کہ بعض لوگ اس روز رخصت پر چلے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے جو اس روز سورج گرہن کے وقت اپنے دفتروں سے باہر نہیں آئیں گے، چیلنجر کے اندازے کے مطابق 21 اگست کو تقریبا 8.7 کروڑ ملازمین اپنے کاموں پر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی امریکا میں 99 سال بعد مکمل سورج گرہن
چیلنجر کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات چھوٹی کمپنیوں پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں جن کے پاس ملازمین کے غیر حاضر ہونے کی صورت میں ان کے زیادہ متبادل ساتھی نہیں ہوتے بالخصوص ایسے وقت میں جب کہ منڈی میں ہنرمند افراد کی کمی ہے۔
چیلنجر کے مطابق 15 افراد پر مشتمل کسی دفتر میں اگر 3 سے 4 افراد غیر حاضر ہوں تو یہ ایک تباہ کن صورت حال ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ سورج گرہن 21 اگست کی صبح 9 بجے کے فوری بعد امریکا کے شمال مغربی ساحل سے شروع ہوگا۔ 10 بج کر 16 منٹ پر یہ اورگن کے مغربی ساحل پر پہنچے گا اس کے بعد دوپہر میں امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں ہوگا۔