آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کیخلاف پانچ ٹی 20 میچوں کی ہوم سیریز سے قبل پی سی بی کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کیلیے کیمپ لگائے گا جس میں کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان آج متوقع ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ گرین شرٹس کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کے لیے فٹنس کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے قومی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان آج متوقع ہے۔
فٹنس کیمپ پیر سے کاکول ملٹری اکیڈمی میں شروع ہوگا جس میں ٹی ٹوئنٹی قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، سعود شکیل، نسیم شاہ اور افتخاراحمد کو کیمپ کا حصہ بنایا جائے گا۔
سابق قومی کپتان معین خان کا بڑا فیصلہ
صاحبزادہ فرحان، اعظم خان، عرفان نیازی، محمد علی، مہران ممتاز، حسیب اللہ اور خوشدل شاہ کی بھی شمولیت کا امکان ہے۔ انتڑنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے والے آل راؤنڈر عماد وسیم بھی کیمپ میں شامل ہوں گے جب کہ پی ایس ایل 9 میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے عثمان خان کو بھی جگہ مل سکتی ہے۔