لاہور : تونسہ بیراج پر 5 بلائنڈ انڈس ڈولفن بے بیز کو ریسکیو کرلیا گیا اور غیرقانونی شکارمیں ملوث شکاری کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابقسینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے کہا گیا کہ انڈس بلائنڈ ڈولفن کےتحفظ کے لیے اہم کارروائیاں جاری ہے، تونسہ بیراج پر 5 بلائنڈ انڈس ڈولفن بے بیز کو ریسکیو کیا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈولفن کے غیرقانونی شکارمیں ملوث شکاری کو گرفتار کرکے جال اور سامان ضبط کرلیا گیا ہے۔
سینئرصوبائی وزیر نے بتایا کہ پانی کی سطح کم ہونےپرتونسہ بیراج پرڈولفن مانیٹرنگ سخت کر دی گئی ہے اور محکمہ وائلڈ لائف اور ڈبلیوڈبلیوایف کی ٹیمیں تونسہ بیراج پر تعینات ہے۔
پانی کی سطح بلندہونےتک خصوصی ٹیمیں تونسہ بیراج پر موجودرہیں گی، یہ ڈولفن ہمارا قومی ورثہ ہیں۔
خیال رہے انڈس ڈالفن کا شمار پاکستان میں پائی جانے والی نایاب مچھلیوں میں ہوتا ہے تاہم شکار اور پانی میں زرعی دواؤں کی ملاوٹ سے یہ ڈالفن تیزی سے مر رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کچے کے علاقے میں زراعت کے لیے کھاد اور زرعی ادویات کے استعمال سے زہریلے کیمیکل دریائے سندھ میں شامل ہو جاتے ہیں جس سے پانی زہریلا ہوجاتا ہے اور ڈولفن کے اموات کا سبب بنتا ہے۔