کراچی: دو روز قبل 2019 میں دئیے جانے والے سی ایس ایس کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کیاگیا، کامیاب ہونے والے امیدواروں میں ایک ہی گھر کی پانچویں بہن بھی شامل ہے۔
برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دو روز قبل سی ایس ایس نتائج برائے سال 2019 کا اعلان کیا گیا، کامیابی کا تناسب صرف 2 اعشایہ اکیاون فیصد رہا ، تحریری و زبانی امتحانات کے بعد کامیاب امیدواروں کی تعداد 365 رہی۔
ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ رزلٹ شیٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2019 میں سی ایس ایس کے امتحانات میں مجموعی طور پر 14 ہزار 521 امیدواروں نے حصہ لیا۔
تحریری امتحانات میں صرف تین ہزار 272 امیدوار کامیاب ہوئے، 365 امیدوار وائیوا کے لیے منتخب ہوئے جن میں 214 مرد اور 151 خواتین شامل تھیں۔
سی ایس ایس امتحان کی خاص بات یہ تھی کہ ایک ہی گھر کی پانچویں بیٹی 21 سالہ ضحیٰ ملک شیر نے اپنے 4 بہنوں کی طرح سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا اور والدین کا سر فخر سے بلند کردیا۔
مزید پڑھیں: سی ایس ایس کے نتائج کا اعلان، کتنے امیدوار کامیاب ہوئے؟
رپورٹ کے مطابق پانچوں بہنوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور سے ہے اور ملک رفیق اعوان اور خورشید بیگم کی ان پانچوں بیٹیوں نے راولپنڈی کے کانونٹ اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، یہ وہی اسکول ہے جہاں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو نے بھی اپنی ابتدائی تعلیم حاصل کی تھی۔
پانچ بہنوں میں سب سے بڑی بہن لیلیٰ ہیں انہوں نے 2008 میں سی ایس ایس امتحان پاس کیا تھا اور پھر ہر دو سے تین سال بعد ایک بہن سی ایس ایس کے امتحان میں کامیابی سے ہمکنار ہوتی چلی گئی۔
لیلیٰ ملک کراچی میں انکم ٹیکس کے محکمے میں ڈپٹی کمشنر کے فرائض سر انجام دے رہی ہیں، انہوں 21 سال کی عمر میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا اور ملک میں سب سے کم عمر سی ایس پی افسر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
دوسری بہن شیریں ملک شیر نیشنل ہائی وے اتھارٹی اسلام آباد میں ڈائریکٹر ہیں، تیسری بہن سسی ملک شیر ڈپٹی ایگزیکٹو سی ای او چکلالہ کینٹ راولپنڈی ہیں، چوتھی بہن ماروی ملک شیر جو بطور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد میں فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔
ضحیٰ ملک سب سے چھوٹی ہیں اور 17 جون کو جاری کیے جانے والے نتائج کے مطابق وہ آفیسرز میینجمنٹ گروپ میں شمولیت اختیار کریں گی، ضحیٰ زمانہ طالب علمی میں کالج نیٹ بال کی کپتان اور اسٹوڈنٹس کونسل کی صدر بھی تھیں، انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے بین الاقوامی تعلقات عامہ میں ماسٹرز بھی کیا ہے۔