ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کیخلاف نیب نے عدالت سے رجوع کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کیخلاف نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، جس میں استدعا کی ہے کہ ٹرائل کورٹ میں پیش کی گئی دستاویزات ہائی کورٹ میں جمع کرانے کی اجازت دی جائے ، دستاویزات میں نواز شریف کے ٹیکس ریکارڈ اور پراپرٹی کی تفصیلات شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کیخلاف متفرق درخواست دائر کردی ، درخواست ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر نے دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ پچیس جون کو عدالت نے نیب کو دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی تھی اور ٹرائل کورٹ میں جمع کروائے گئے ، نواز شریف کے ٹیکس اور پراپرٹی کے ریکارڈ کو جمع کرانے کا حکم دیا تھا، دستاویزات ٹرائل کورٹ میں بھی جمع کروائی گئی تھیں جن کا اصل ریکارڈ بھی موجود ہے۔

نیب نے استدعا کی ٹرائل کورٹ میں پیش کی گئی دستاویزات ہائیکورٹ میں جمع کرانے کی اجازت دی جائے اور نواز شریف کی بریت کیخلاف زیر سماعت اپیل کے ساتھ ریکارڈ منسلک کرنے کا حکم دیا جائے۔

ایف بی آر ریکارڈ کے مطابق نواز شریف، حسن نواز اور حسین نواز کے گوشواروں کا ریکارڈ ، عرب امارات ، برطانیہ اور بی وی آئی میں ملزمان کی کمپنیز کی تفصیلات اور بی وی آئی ، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں ملزمان کی کمپنیوں کے سالانہ ریکارڈز کی تفصیلات درخواست میں شامل ہیں جبکہ ملزمان کی کمپنیز کی ملکیت پراپرٹیز کا ریکارڈ بھی درخواست کا حصہ ہیں۔

واضح رہے گزشتہ برس 24 دسمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ سنایا گیا تھا، فیصلے میں نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار دیتے ہوئے گرفتار کیا گیا جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔

اہم ترین

مزید خبریں