امریکا میں ایک خاتون رات کے 2 بجے بچوں کو گھر پر اکیلا چھوڑ کر پڑوسی کے بچے کو اغوا کرنے پہنچیں، پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا۔
مذکورہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا جہاں 28 سالہ ہنا برن رات کے 2 بجے پڑوسی کے گھر پہنچیں۔
گھر کے افراد کے مطابق ہنا ان کے گھر میں داخل ہوئی اور 9 ماہ کے بچے کو اس کی ماں کے ہاتھ سے چھیننے کی کوشش کرنے لگی۔ اس کھینچا تانی کے دوران بچے کے والدین نے پولیس کو طلب کرلیا۔
پولیس کے پہنچنے پر ایک اور پڑوسی نے بتایا کہ ہنا کچھ عرصہ قبل ان کے گھر میں بھی داخل ہو کر ایسی ہی حرکت کرچکی ہے۔ مذکورہ پڑوسی کے مطابق ہنا نے ان کے 1 سالہ پوتے کو اسی طرح اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔
پولیس نے ہنا کا گھر چیک کیا تو وہاں بھی 2 بچے موجود تھے، ہنا سے ان کا رشتہ فی الحال معلوم نہیں ہوا۔
تاحال ہنا کی اس کوشش کا مقصد معلوم نہیں ہوسکا، پولیس نے ہنا کو اغوا کی کوشش کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے۔