اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کے لیے غیرمشروط معاونت فراہم کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں آئی ایم ایف نمائندہ ٹریساڈبن ساشیز نے ملاقات کی جس میں کرونا صورت حال اور پیدا ہونے والے معاشی مضمرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرونا وبا نے دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے،ترقی پذیرممالک پر اس وبا کے منفی اثرات انتہائی شدید ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے قرض سہولت کی تجویز دی جس پر سیکرٹری جنرل یو این،آئی ایم ایف نے مثبت رد عمل کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کے لیے غیرمشروط معاونت فراہم کی جائے۔
ترقی پذیر ممالک کی مدد کا اقدام ہماری خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے: شاہ محمود
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے کمزور معیشتوں پر اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپیل کی تھی، اب جی 20 ممالک نے ترقی پذیر ممالک پر واجب الادا قرضوں کو مؤخر کرنے کی سہولت کا اعلان کر دیا ہے جو قابل ستائش ہے۔