ڈیووس : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی جبکہ برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں میں باہمی دلچسپی کے علاقائی ،دوطرفہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے برطانوی ہم منصب کو خطے میں کشیدگی،امن وامان کی صورتحال اور پاکستان کےممکنہ خدشات سےآگاہ کرتے ہوئے کہا فریقین کو صبروتحمل سےسنجیدہ کاوشیں بروئے کارلانےکی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ نے برطانوی ہم منصب کو کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کاوشوں اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور کہا برطانوی حکومت کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے مؤثر کرداراداکرے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا اور برطانوی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا آنے والے دنوں میں پاکستان اور برطانیہ کےتعلقات مزید مستحکم ہوں گے جبکہ ونوں وزرائے خارجہ نے پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا۔