کولمبو: وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے سری لنکن ہم منصب ڈائنش گناوردنا کی ملاقات میں انسانی وسائل کی ترقی اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سری لنکن وزارت خارجہ پہنچے اور اپنے سری لنکن ہم منصب ڈائنش گناوردناسےملاقات کی ، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،اہم علاقائی وعالمی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اورسری لنکا کے مابین گہرے دوطرفہ تعلقات ہیں، وزرائےاعظم کی صدارت میں تجارت وسرمایہ کاری کانفرنس خوش آئند ہے، تجارتی معاہدے ایف ٹی اے کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ مرکزی اہمیت کاحامل ہے، پوراخطہ اس منصوبے سے مستفیدہوسکتاہے، گوادر پورٹ کاروباری مراکز تک رسائی کیلئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
سارک فورم کومزیدفعال بنانےکی ضرورت ہے، دونوں ممالک کےمابین مذہبی سیاحت کوفروغ دینےکی ضرورت ہے ، انسانی وسائل کی ترقی اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔