اوباڑو: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی اکیلے پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کھو چکی ہیں، دونوں جماعتیں بغل گیر ہیں لیکن مقابلے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے علاقے اوباڑو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ پی ٹی آئی وفاقی سوچ والی جماعت ہے، سندھ کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سندھ کے صدر مقام سے قومی اسمبلی کی 14 نشستیں جیتے گی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان جلد گھوٹکی کا دورہ کریں گے، انھوں نے سندھ کے شہر چھاچھرو میں بھارت کو امن کا پیغام دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہماری فوج بالکل تیار ہے، بھارت سےکہتا ہوں کچھ بھی کیا توجوابی کارروائی ہوگی، وزیراعظم
وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق سندھ سے صدیوں پرانا ہے اور رہے گا، ان کی پی ٹی آئی میں شمولیت بھی گھوٹکی سے ہوئی تھی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حالیہ کشیدگی میں دفترِ خارجہ نے احسن طریقہ سے کام کیا، پلوامہ واقعے کے بعد بی جے پی کی ساکھ بہت متاثر ہوئی ہے، مودی سرکار انتخابی مفاد کے لیے پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔
وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ مودی سرکار نے اپنی عوام سے کیے وعدے پر کوئی کام نہیں کیا۔