اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے سیف اللہ نیازی کو تحریک انصاف کا چیف آرگنائزر مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور کہا وزیراعظم سمیت پوری پارٹی کو سیف اللہ نیازی پر اعتماد ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے سیف اللہ نیازی سے ملاقات کی اور انھیں تحریک انصاف کا چیف آرگنائزر مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔
شاہ محمود قریشی نے سیف اللہ نیازی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا سیف اللہ نیازی ہمارے دیرینہ ساتھی ہیں اور باصلاحیت ہیں ، وزیراعظم سمیت پوری پارٹی کو ان پر اعتماد ہے۔
اس موقع پر سیف اللہ نیازی کا کہنا تھا ذمہ داریاں سونپنے پر چیئرمین اور پارٹی قیادت کا شکرگزار ہوں، پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم نے اپنے دیرینہ ساتھی کو پی ٹی آئی کاچیف آرگنائزر مقرر کردیا
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے دیرینہ ساتھی سیف اللہ نیازی کو پی ٹی آئی کاچیف آرگنائزر مقرر کیا تھا، سیف اللہ نیازی چاروں صوبوں میں پی ٹی آئی کومنظم کریں گے اور آزادکشمیر،جی بی،اسلام آباد میں پارٹی کی تنظیم نو کریں گے جبکہ پالیسی سازی، آئین کی تشکیل ، قومی ومقامی انتخابات کیلئےتیاریوں کی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئیں ۔
وزیر اعظم نے سیف اللہ نیازی کی صلاحیتوں پرمکمل اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے کہا سیف اللہ نیازی تحریک انصاف کے سینئر ترین رکن ہیں، تمام دعائیں اور نیک خواہشات ان کیساتھ ہیں۔
سیف اللہ نیازی نے ذمہ داریاں سونپنے پر پارٹی چیئرمین کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا چیئرمین کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔
یاد رہے ستمبر 2016 میں تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ نیازی نے پارٹی پالیسیوں سے اختلافات کے باعث عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، وہ تحریک انصاف کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری تھے۔