ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

دھند میں خوفناک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

تاندلیا نوالہ : پنجاب میں شدید دھند اور اسموگ کے باعث خوفناک ٹریفک حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے ریحان بدر کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے شہر تاندلیا نوالہ میں دھند کے باعث ایک گاڑی گنے کی ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ نواحی علاقے تاندلیانوالہ میں پیش آیا جس میں 3افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال روانہ کردیا گیا۔

جاں بحق ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن میں بچوں کی عمریں 3سے6سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔

پولیس کے مطابق لاہور کا رہائشی خاندان موٹر وے سے اتر کر گاڑی میں تاندلیانوالہ جارہا تھا کہ شدید دھند کے باعث حادثہ پیش آگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ڈرائیور دھند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم ٹریکٹر ٹرالی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تاندلیانوالہ کار حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ماں اور اس کے 4 بچے شامل ہیں، ماں رابعہ ،2 بیٹیاں 13سالہ فجر، 11 سالہ عمائمہ جاں بحق ہوئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق رابعہ کے 2بیٹے 6سالہ یحییٰ اور ایک سالہ موسیٰ بھی جاں بحق ہوئے، زخمی شاہ زیب کا ایک سالہ بیٹا رئیس بھی حادثے میں جاں بحق ہوا۔

اس کے علاوہ افسوسناک حادثے میں شاہ زیب کی بیوی صبا اور 13سالہ بیٹا امیر ہادی زخمی ہوئے، حادثے کا شکار ہونے والا خاندان فیصل ٹاؤن لاہور کا رہائشی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ سندھ کے شہر ٹھٹہ میں گھارو کے قریب قومی شاہراہ پر دھند کے باعث 6 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 12 زخمی ہوئے تھے۔

علاوہ ازیں پنجاب کے ضلع بھکر کے قصبے دریا خان میں ایم ایم روڈ پر مسافر بس سڑک کنارے کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے تھے، یہ حادثہ بھی دھند کے باعث پیش آیا، مسافر بس اوچ شریف سے راولپنڈی جا رہی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں