صوابی: خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 47 صوابی میں تحریک انصاف اور عوامی نیشنل پارٹی کارکنان کے درمیان تصادم کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی کارکن کے والد کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کی خاطر بیٹے کی قربانی دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقتول پی ٹی آئی کارکن کے والد نے کہا کہ بہت خوش نصیب ہوں نئے پاکستان کے لیے بیٹے کی قربانی دی ہے، بیٹے کی قربانی تاریخ میں لکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے حصے کی قربانی دے دی ہے، جب تک زندہ ہیٰں لڑیں گے اور حوصلہ نہیں ہاریں گے، نئے پاکستان کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ صبح آٹھ بجے پی کے 47 صوابی میں پی ٹی آئی اور اے این پی کے کارکنان کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پی ٹی آئی کارکن جاں بحق ہوگیا تھا۔
ڈی پی او سید خالد حمدانی نے پی ٹی آئی کارکن کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پی کے 47 صوابی میں تحریک انصاف کے امیدوار شہرام خان، عوامی نیشنل پارٹی کے امیر رحمان اور مسلم لیگ ن کے اعجاز اکرم مدمقابل ہیں۔