اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کی خاطر جلال آباد میں اپنا قونصل خانہ بند کیا، افغان حکام کو صورت حال سے آگاہ کردیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے شہر جلال آباد میں قائم اپنے قونصل خانے کو بند کرنے کے بعد صورت سے افغان حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ توقع ہے جلد صورت حال بہتر ہوگی جس کے بعد قونصل خانہ کھول دیں گے، سیکیورٹی کی بحالی تک قونصل خانہ بند کیا ہے۔
گورنر کی مداخلت: پاکستان نے جلال آباد میں قائم سفارت خانہ احتجاجاً بند کردیا
خیال رہے کہ پاکستان نے افغان شہر جلال آباد میں اپنا سفارت خانہ بند کردیا، گورنر کی امور میں بے جا مداخلت بندش کا باعث بنی، قونصل خانے کی سیکیورٹی بحال کرنے کا مطالبہ کردیا۔
واضح رہے کہ افغانستان کے شہر جلال آباد میں قائم پاکستان نے اپنا سفارت خانہ احتجاجاً بند کردیا ہے، اس حوالے سے ترجمان کا کہنا ہے کہ گورنر حیات اللہ حیات کی قونصل خانے کے امور میں بے جا مداخلت افسوسناک ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سفارت خانے نے گورنرکی بےجا مداخلت پر افغان وزارت خارجہ سے بھی رابطہ کیا ہے، گورنر کی قونصل خانے کے امور میں مداخلت ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔