اسلام آباد: صوبہ بلوچستان کے علاقے خوست میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان خوست کے قریب جھڑپ ہوئی ہے، فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن میں حوالدار خان محمد دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز کا مغوی عمر جاوید کی بازیابی کے لیے علاقے میں آپریشن بھی جاری ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل کوئٹہ میں تعینات کرنل لئیق کو زیارت سے واپسی کے دوران دہشت گردوں نے اغوا کرلیا تھا، کرنل لئیق کے ساتھ ان کے کزن عمر جاوید بھی تھے جو تاحال بازیاب نہیں کیے جاسکے۔
کرنل لئیق کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں دہشت گردوں نے انہیں گولی مار دی تھی جبکہ 2 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔